نیشنل بینک کے ساڑھے 11ہزار ریٹائرڈملا زمین کوپنشن ادا کرنے کاہائیکورٹ فیصلہ برقرار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ کی جانب سے نیشنل بنک کے ریٹائرڈ ملازمین کو بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے نیشنل بنک کے ساڑھے گیارہ ہزار ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن ادا کرنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بنک انتظامیہ کی نظرثانی درخواست خارج کردی۔ سماعت جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ پنشن کی ادائیگی کے فیصلے کے خلاف نیشنل بنک نے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کی تھی جسے آج خارج کردیا گیا۔ سپریم کورٹ نے چھ سال بعد نیشنل بنک کی نظرثانی درخواست خارج کرتے ہوئے ملازمین کو پنشن دینے کا فیصلہ برقرار رکھا اور اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نیشنل بنک کے ریٹائرڈ ساڑھے 11 ہزار ملازمین کو پنشن کی مد میں 60 ارب روپے ایک ماہ میں ادا کردیے جائیں۔ ملازمین نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 سال قبل سال نیشنل بنک نے ہماری پنشن کا ریٹ کم کردیا اور اسے 70 فیصد سے کم کر کے 33 فیصد کردیا جس کے خلاف ہم ہائی کورٹ گئے اور فیصلہ ہمارے حق میں آیا جس کے باوجود بنک نے فیصلے کے خلاف اپیل کردی اور برسوں بعد آج اس اپیل کے خلاف بھی فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے۔