• news

وزیراعلی کون ہوتاہے زمین الاٹ کرنیوالاطاقتور لوگ ہیں چیف جسٹس

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ  سوسائٹی والے سیدھا سادا دھندا کر رہے ہیں، پیسہ کمانا ہے تو کمائیں شہیدوں کو بیچ میں مت لائیں۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بینچ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کی منتقلی کے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں سوسائٹی کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیئے۔  وکیل نے کہا کہ سوسائٹی شہداء کے ورثاء اور جنگ میں زخمیوں کو پلاٹس دیتی ہے۔ اس پر جسٹس عرفان سعادت نے سوال کیا کہ کیا سوسائٹی صرف شہداء کے لیے کام کرتی ہے؟۔ وکیل نے جواب دیا کہ اس منصوبے میں کمرشل پلاٹس بھی ہوتے ہیں۔ وکیل کے جواب پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ  سوسائٹی  والے سیدھا سادا دھندا کر رہے ہیں، پیسہ کمانا ہے تو کمائیں شہیدوں کو بیچ میں مت لائیں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ یہ گیم ہم نے بہت بار دیکھا ہے، اس معاملے میں تین مرکزی کردار ہیں، پرویز مشرف، پرویز الٰہی اور نجی ہائوسنگ سوسائٹی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ ہیں پاکستان کے اصل مالک؟۔ وزیراعلیٰ کون ہوتا ہے زمین الاٹ کرنے والا؟۔ کیا وزیراعلیٰ کا اختیار ہے؟۔ ایسٹ انڈیا کمپنی نے ایسا نہیں کیا جیسا وزیراعلیٰ کررہے ہیں، یہ لوگ بہت طاقتور ہیں، انہوں نے سب کو خریدا ہوا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز نے یہ مقدمہ لائیو چلانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن