سی پیک معاشی ترقی کیلئے اہم سنگ میل، پاکستان کو سرمایہ کار دوست بنانا شہباز شریف کا وژن: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سی پیک کو پاکستان کی معاشی ترقی کے فروغ کے لئے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کی صورت میں قریبی اور پائیدار شراکت داری خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ پاکستان کو سرمایہ کار دوست ملک بنانا وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زئی ڈونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ چینی سفیر نے عطاء اللہ تارڑ کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں سی پیک، پاک چین سٹرٹیجک تعلقات، میڈیا اور فلم کے شعبے میں جاری تعاون اور سی پیک کے بارے میں جعلی خبروں کی روک تھام کے لئے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سی پیک کے حوالے سے جعلی خبروں کے انسداد کے لئے حکومت سے حکومت اور میڈیا سے میڈیا کی سطح پر میکنزم وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاک چین دوستی ہم نے نسل در نسل دیکھی ہے، ہمیں اپنی نئی نسل کو اپنی تاریخی اور مضبوط دوستی کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا۔ ہمیں نئی نسل کو بتانا ہوگا کہ کس طرح چین اور پاکستان نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ چین نے شنگھائی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر پاکستان کی حمایت کی۔ اقتصادی راہداری علاقائی رابطوں کا ایک ایسا فریم ورک ہے جس سے نہ صرف چین اور پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ایران، افغانستان، بھارت، وسطی ایشیائی جمہوریہ اور خطے پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور سی پیک کے بارے میں جعلی خبروں کی روک تھام کی جانب ایک اہم سٹرٹیجک اقدام ہوگا، اس کا مقصد ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور معلومات کے تبادلے کی طاقت کو بروئے کار لانا ہے۔ وزارت اطلاعات اس حوالے سے اپنا کام جاری رکھے گی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فلم اور ثقافت کے شعبہ میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین کی طرح پاکستان بھی ایک قدیم تہذیب ہے جس کی تاریخ سات ہزار سال پرانی ہے۔ پاکستان کی وادی سندھ سے بہت سی روحانی اور ثقافتی تحریکیں ابھریں جنہوں نے ایشیائی ثقافت کی شکل اختیار کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ایس ڈی جیز کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اے پی پی اور شنہوا نیوز ایجنسی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر کام جاری ہے۔ ملاقات میں سی جی ٹی این اور پی ٹی وی کے درمیان سفری دستاویز کی مشترکہ پروڈکشن کے لئے تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ چین کے سفیر نے پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔