• news

اقتصادی سفارتکاری ضرورت، ترقی پذیر ممالک کو جوہری توانائی حاصل کرنے کا حق: اسحاق ڈار

لندن+ برسلز+ اسلام آباد  (عارف چودھری+ نمائندہ  خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) روایتی سفارت کاری کے ساتھ ساتھ، پاکستان کو موجودہ حالات کے پیش نظر اقتصادی سفارت کاری کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔  اس سلسلے میں بیرون ملک پاکستان کے تمام مشنز کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ محمد اسحق ڈار نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بیش بہا قدرتی اور اعلیٰ معیار کے انسانی وسائل سے نوازا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول وزارتوں کو پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط کرنے کے لیے ٹیم سپرٹ کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔  بعد ازاں برسلز میں جوہری تونائی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پاس نیوکلیئر پاور پلانٹس کو محفوظ طریقے سے چلانے کا تجربہ ہے، ہم نے پہلے نیوکلئیر پاور پلانٹ کی تعمیر 6 دہائی قبل کراچی میں شروع کی تھی۔ ہمارے پاس ابھی 6 فعال نیوکلئیر پاور پلانٹس ہیں جن سے 3 ہزار 530 میگا واٹس بجلی پیدا ہوتی ہے۔ بڑھتی ہوئی گھریلو توانائی کے تقاضوں کے پیش نظر جوہری توانائی کو ہماری قومی بجلی کی پالیسی اور قومی موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی دونوں میں ترجیح دی گئی ہے۔ ہم اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہیں۔  ہمیں صاف اور سستی توانائی کی ضرورت ہے، انرجی سکیورٹی ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کی ترجیح ہے۔ ہمیں صاف اور سستی توانائی کی ضرورت ہے۔ توانائی کے مسائل کے حل کے لیے پائیدار اقدامات ضروری ہیں۔ ماحول دوست جوہری توانائی مستقبل کے لیے قابل عمل حل پیش کرتی ہے۔  نیوکلیئر توانائی مزید محفوظ اور سستی بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین رکھتا ہوں کہ ترقی پذیر ممالک کو بھی نیوکلیئر توانائی حاصل کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ملٹی لیٹرل سرمایہ کار ادارے آگے آئیں اور زیادہ شدت کے ساتھ جوہری توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برسلز میں نیوکلیئر انرجی سمٹ 2024 کے موقع پر جمعرات کو ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کا جائزہ لیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں اضافے کی رفتار پر  اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے  آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزراء  خارجہ نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال بالخصوص زراعت اور انسانی صحت سمیت تمام شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے جوہری توانائی کے استعمال کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے برسلز میں نیوکلیئر انرجی سمٹ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) رافیل ماریانو گروسی سے جمعرات کو ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کو بڑھانے اور پہلی جوہری توانائی سمٹ کے انعقاد کے لئے آئی اے ای اے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان ایجنسی کے کام کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے جوہری توانائی کی اہمیت اور توانائی مکس میں جوہری توانائی کا حصہ بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کو بھی اجاگر کیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر برسلز میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن