عوام ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ مہم کا حصہ بنیں: مریم نواز، پودا لگا کر مہم کا آغاز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف نے جنگلات کے عالمی دن پر عوام سے’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ مہم کا حصہ بننے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہاکہ زمین بھی ماں ہے جو زندگی، خوراک اور معاش فراہم کرتی ہے، ایک درخت لگائیں، اسے بہتر بنائیں۔ درخت لگائیں تاکہ انسان کی سانس چلے، فضا زہر سے پاک ہو، پنجاب کی سوہنی دھرتی مزید خوبصورت اور سرسبز ہو۔ ایک درخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے مٹائیں۔ اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوں گے اور زندگی بھی مسکرائے گی۔ مہم کے دوران مفت پودے دئیے جا رہے ہیں۔ سٹوڈنٹس ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ کو لیڈ کریں۔ جدید ٹیکنالوجی، کیو آر کوڈ اور جی آئی ایس کے استعمال سے پہلی بار شجرکاری کا ریکارڈ اور تعداد معلوم ہوگی۔ نگرانی کریں گے اور یقینی بنائیں گے کہ درخت صرف کاغذوں اور مہم میں ہی نہیں بلکہ زمین پر لگے نظر آئیں۔ قبل ازیں مریم نواز شریف نے پنجاب ہاؤس میں پودا لگا کر '' پلانٹ فار پاکستان '' مہم کا آغاز کر دیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ہمراہ تھیں۔ مریم نواز نے پنجاب ہاؤس کے احاطے میں ایرو کیرا کا پودا لگایا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ درخت اور پودے انسان کے دوست ہیں۔ زمین کی دلکشی درختوں سے ہے۔کرہ ارض پر انسانی بقا درختوں سے وابستہ ہے۔ زندگی درخت سے سانس لیتی ہی اور جنگلات زمین کے پھیپھڑے کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات زندگی کو برقرار رکھنے والے ان گنت وسائل کا ذریعہ ہیں۔ پنجاب حکومت آئندہ نسلوں کو سر سبز مستقبل دینے کیلئے کوشاں ہے۔ پنجاب میں موسم بہار کی شجر کاری مہم شروع ہے۔