عازمینِ حج کی لازمی تربیت کا دوسرا مرحلہ عید کے بعد شروع ہو گا
اسلام آباد(خبرنگار)عازمینِ حج کی لازمی تربیت کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے بعد شروع ہو گا۔ یہ بات وزارتِ مذہبی امور کے چیف حج ٹرینر احمد ندیم خان نے سٹیرنگ کمیٹی برائے تربیت حجاج کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں عازمینِ حج کو انتظامی امور اور مناسک حج سے بہترین آگاہی اور سفر حج کی مشکلات سے درست واقفیت کیلئے تربیتی ورکشاپس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ چیف حج ٹرینر احمد ندیم خان نے حج تربیتی شیڈول کو حتمی شکل دیتے ہوئے بتایا وزارتِ مذہبی امور کے افسران اور ماہر عملہ عازمینِ حج کو تربیت اور رہنمائی مہیا کرے گا۔ عیدالفطر کے بعدحج تربیت کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا جس میں تمام صوبوں کے بڑے شہروں میں حج تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ عازمینِ حج کی جامع تربیت ملٹی میڈیا پروجیکٹرز کی مدد سے مکمل کی جائے گی۔ حج تربیت گاہوں میں وادی منیٰ کی طرز کے ماڈل کیمپ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام عازمینِ حج کیلئے کم ازکم دو تربیتی ورکشاپس میں شرکت لازم ہے۔ نیز سمندر پار پاکستانی حج روانگی سے قبل اپنے متعلقہ حاجی کیمپ سے تربیت حاصل کریں گے۔ اجلاس میں عازمینِ حج کی پروازوں سے پہلے مناسک حج سے متعلق زبانی یا تحریری امتحان لینے کی تجویز بھی زیر غور آئی جس میں امتحان میں ناکام ہونے والے عازمینِ حج کی پرواز مو?خر کرنے اور تیسرا تربیتی سیشن دینے کی تائید کی گئی ۔