• news

وزیراعظم خود فارم  47والے ان سے کیا بات کروں

اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے وکلاء کے ہمراہ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی۔ عدالت میں سماعت کے دوران علی امین کے وکیل راجہ ظہور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور ایف آئی آر میں نامزد ہیں مگر ان کا کردارکوئی نہیں، وہ موقع پر موجود ہی نہیں تھے، ان کے خلاف 50 ایف آئی آرز درج ہوئیں، ان کو عدالت تک پہنچنے بھی نہیں دیا جاتا تھا۔ عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے وزیراعظم شہباز شریف خود فارم 47 والے ہیں ان سے انتخابی دھاندلی پر کیا بات کروں۔ ضمانت کے لیے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا سائفر سازش تھی اب بھی اپنے بیان پر کھڑے ہیں، غیرت مند پاکستانی کے گھر میں مداخلت بھی ہو تو یہ سازش ہے۔ سائفر سے متعلق ڈونلڈ لو کے بیان کی پاکستانی سفیر اسد مجید نے تصدیق کی تھی، اسد مجید کو بلاکر پوچھا جائے کہ بات چیت نہیں ہوئی تو سائفر کس نے بھیجا، ڈونلڈ لو سچ اگر بول رہے ہیں تو سائفر تھا کیا؟۔ علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا سائفر اگر تھا ہی نہیں تو بانی پی ٹی آئی کو سزا کیوں دی گئی، ملک کے اندر کسی کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، ملک کے ساتھ جو تجربہ کیا گیا اس نے عوام کو نقصان پہنچایا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کبھی ڈیل نہیں کریں گے البتہ انہوں نے ہمیشہ کہا کہ پاکستان کے لیے وہ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ دریں اثنا گورنر خیبر پی کے غلام علی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات خیبر پی کے ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی۔ گورنر غلام علی کے مطابق علی امین گنڈا پور نے صوبے کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو صوبے کے مسائل پر مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ملک کو معاشی و سیاسی عدم استحکام سے نکالنا سب کی ذمہ داری ہے۔خیبرپی کے  کے گورنر غلام علی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں گورنر غلام علی نے کہا  علی امین گنڈا پور نے صوبے کی معاشی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا  صوبے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے پیسے نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈاپور نے مرکز میں صوبے کا جو کیس پیش کیا اس سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعلیٰ کو صوبے کے آئینی اور معاشی مسائل پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ملک کو موجودہ معاشی وسیاسی عدم استحکام سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن