آئیں ملکر تفریق سے پاک پاکستان کی جدوجہدکریں وزیر اعظم قوم کو یوم پاکستان مبارک
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ’’یوم پاکستان‘‘ پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے،’قرارداد لاہور‘‘ کے ذریعے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا، 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں نئی ریاست کو درپیش گھمبیر چیلنجوں کے باوجود ایک آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، ہم پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں جن میں مہنگائی، بے روزگاری، توانائی کے شعبے کا بڑھتا ہوا گردشی قرضہ ، مالیاتی اور تجارتی خسارہ اور سب سے بڑھ کر دہشت گردی کا عفریت شامل ہیں تاہم بحیثیت قوم ہم نے غیر معمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ایک مربوط پالیسی اصلاحات کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو معاشی بحالی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں، امید ہے ان اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا ، ہم مہنگائی کی موجودہ لہر پر قابو پا لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے اپنے پختہ عزم کی تجدید کریں، آئیں ہم سب مل کر ایک ایسے پاکستان کے لیے جدو جہد کریں جو ہر قسم کے مذہبی ، نسلی اور سیاسی تفریق سے پاک ہو اور جہاں ہماری مشترکہ اقدار پھل پھول سکیں۔ دوسری طرف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اجلاس میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے بین الاقوامی ماہرین کی معاونت حاصل کی جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لے کر آئیں گے،نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ علم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ، ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا ، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ، بیرک گولڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بیرک گولڈ کو بلوچستان میں معدنیات کے دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ ضلع چاغی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے حکومت اور بیرک گولڈ مل کر کام کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی فنڈ برائے ترقی کے اشتراک سے گرین انرجی اور بنیادی ڈھانچے کے نئے منصوبوں سے اقتصادی بحالی کا سفر تیز ہو گا۔سعودی فنڈاور حکومت پاکستان کے درمیان 107 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدوں سے نہ صرف صاف توانائی حاصل ہوگی بلکہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جنگلات کی کٹائی روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے وفد کی چیف ایگزیکٹو آفیسرسلطان بن عبدالرحمٰن المرشد کی سربراہی میںملاقات کی۔ سی ای او، ایس ایف ڈی نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کے ساتھ ساتھ قومی سول ایوارڈ ہلالِ قائداعظم عطاء کرنے پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر میں ہائیڈرو پاور سٹیشنز کی تعمیر کے لیے سعودی فنڈاور حکومت پاکستان کے درمیان 107 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کو بھی سراہا۔ سی ای او، ایس ایف ڈی نے مشترکہ منصوبوں پر جلد پیش رفت کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ سعودی عرب شاہی خاندان کی قیادت میں، پاکستان کو ہر ممکن مدد اور مسلسل تعاون فراہم کرے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیشنل پارٹی کے وفد نے جمعہ کو ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان میں قانون و انصاف کی صورتحال اور بلوچستان کے نوجوانوں کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی۔وزیراعظم نے بلوچستان کے نوجوانوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے قافلے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کے ناسور کے مکمل طور پر خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ جب تک ملک سے دہشتگردی کا مکمل سدباب نہیں ہو جاتا ، دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم یوم پاکستان کی روح کے مطابق جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، مجھے یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے اور اپنے پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ میں یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر آپ سب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہم تاریخی قراردا ِپاکستان کی منظوری کی یاد منا رہے ہیں جب 23 مارچ 1940 کو ہماری عزیر قوم اور ایک آزاد وطن کی تعمیر کی بنیاد رکھی گئی، آئیے ، آج ہم اپنے گزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں اور ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئیاپنے عزم کا اعادہ کریں۔ صدر نے کہا کہ آج اگر ہم تاریخ کے اوراق پر نظر ڈالیں تو ہمارے آبائو اجداد کے وڑن اور عزم کی یاد تازہ ہوتی ہے، 1940 کی قرارداد ِپاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے ، اس قرارداد سے 14 اگست 1947 کو پاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا، قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی اور آج کے دن ہم ان کے عزم اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ، ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ، ہماری قوم کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنایا ، دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں پر محیط جنگ میں ان کا فاتحانہ کردار، قدرتی آفات کے دوران فرض کی پکار پر تیز ردعمل اور دنیا بھر میں امن مشنز میں ہمارا کردار عالمی امن اور پرامن بقائے باہمی کیلئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا نمایاں اظہار ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریک پاکستان کے دوران اور غیر قانونی بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو بھی تسلیم کرتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بدترین جبر اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں، ہندوتوا کے ایجنڈے سے متاثرہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی یکطرفہ منسوخی اس کی ایک مثال ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، پاکستان مظلوم کشمیری عوام کو ان کیحق خودارادیت کی فراہمی تک ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اسی طرح پاکستان کو اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کے اندھا دھند قتل ، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر مسلسل حملوں پر گہری تشویش ہے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس شریف میں دارالحکومت پر مبنی ایک آزاد، پائیدار اور ملحقہ فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنی اصولی موقف پر قائم ہے ۔ صدر نے کہا کہ آئیے آج ہم یوم پاکستان کی روح کے مطابق جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، میں آپ سب سے محنت، دیانتداری اور ہمدردی کی اقدار اپناتے ہوئے ملک کی تعمیر کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر رکاوٹوں کو عبور کریں گے اور اپنے پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے، اللہ تعالیٰ اسلامی جمہوریہ پاکستان پر رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ عسکری قیادت نے 84 ویں یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی ان عظیم کاوشوں کی یاد دلاتا ہے، اس دن مسلمانوں کے الگ وطن کیلئے ہمارے عظیم رہنماؤں کے ویژن کے مطابق ہماری تقدیر کا تعین کیا گیا۔ یہ دن قیام پاکستان کیلئے ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے۔ آج ہندوستان، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو فاشسٹ حکومت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا ہے۔ یہ دن ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدر کی یاد دلاتا ہے۔ مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔ قومی پرچم کو سربلند رکھیں گے۔