آج یوم پاکستان 829شخصیات کوایوارڈ ملیں گے قیدیوں کی سزا90رورکم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) 84 واں یوم پاکستان (آج) 23مارچ کو جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا جائے گا۔23مارچ بعد از نماز فجر ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اور شکرانے کے نفل ادا کیے جائیں گے۔ اس دن کے حوالے سے اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ ملک بھر میں یوم پاکستان کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔ یوم پاکستان پر مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والی 829 شخصیات کو سول ایوارڈ ملیں گے۔ 3 شخصیات کو ستارہ امتیاز، 9 کو تمغہ امتیاز، 7 کو نشان امتیاز ملے گا۔ 2 شخصیات کو ہلال پاکستان، ایک کو ہلال شجاعت، 40 کو ہلال امتیاز اور 18 کو ہلال قائداعظم کے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ایک شخصیت کو ستارہ پاکستان، 20 کو ستارہ شجاعت، 63 کو ستارہ امتیاز ملے گا۔ 70 افراد صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی حاصل کریں گے۔ 3 شخصیات کو ستارہ قائداعظم، 4 کو ستارہ خدمت، 25 کو تمغہ شجاعت ملے گا۔ 260 شخصیات کو تمغہ امتیاز، چار کو تمغہ خدمت ایوارڈ ملے گا۔ کرونا کے دوران صحت کے شعبہ میں خدمات دینے والی 299 شخصیات کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔ ایوان صدر میں کل 80 سے زائد شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اعزازات کی تقریبات چاروں صوبائی گورنرز ہاؤس میں بھی ہوں گی۔ سول ایوارڈ حاصل کرنے والی اہم شخصیات میں فواد حسن فواد، افتخار عارف، ہاکی کے کھلاڑی اصلاح الدین شامل ہیں۔ عوامی خدمات پر سید قائم علی شاہ، راجہ ظفر الحق، ڈاکٹر شمشاد اختر ایوارڈ حاصل کریں گی۔ پاکستان کے لیے خدمات دینے پر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود بھی ایوارڈ حاصل کریں گے۔ بیوروکریٹ مشتاق سکھیرا، راحت علی خان، انور مسعود، زاہد ملک صحافی، ماہر معیشت ڈاکٹر محمد جہانزیب خان بھی ایوارڈ لینے والوں میں شامل ہیں۔ طارق فاطمی، طارق باجوہ، طارق پاشا بھی ایوارڈ لینے والوں میں شامل ہیں۔ 18 سفرا کو ہلال قائد اعظم دیا جائے گا۔ فنکارہ شبنم، گلوکار فاخر محمود، صحافی واصف ناگی، کوہ پیما نائلہ کیانی بھی ایوارڈ لینے والوں میں شامل ہیں۔ گلوکارہ شازیہ منظور، کلاسیکل ڈانسر شیما کرمانی، صحافی سلمان غنی، سہیل وڑائچ بھی ایوارڈ لینے والوں میں شامل ہیں۔ صحافی وقار ستی، فاروق عادل، نقی حیدر نقی، شمع جونیجو، فہد حسین، افتخار احمد بھی ایوارڈ لینے والوں میں شامل ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان اور عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں نوے، نوے روز کی کمی کی منظوری دے دی۔ سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری ، ڈکیتی، اغواء اور دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ یوم پاکستان پریڈ میں خلیج تعاون کونسل کے سرمایہ کاری اداروں کے سربراہان اور بحرین کی دفاعی افواج کے کمانڈر یوم پاکستان پریڈ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔