پاکستانی انتخابات میں مداخلت بے ضابطگیوں کی تحقیقات کراہیں امریکی ایواں نمائندگان کی خارجہ کمیٹی میں قرارداد منظور
واشنگٹن (این این آئی) امریکی ایوان نمائندگان کی فارن افیئرز کمیٹی نے پاکستان میں جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی پاسداری سے متعلق قراردار صفر کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے منظور کر لی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فارن افیئرز کمیٹی میں منظور ہونے والی قرارداد پاکستان میں جمہوریت اور شفاف انتخابات کیلئے حمایت کو ظاہر کرتی ہے جو عوام کی مرضی کی عکاسی کرتی ہوں۔ کمیٹی سے منظوری کے بعد یہ بل اب امریکی ایوان نمائندگان کو بھجوایا جائے گا۔ کانگریس میں یہ قرارداد رپیریزینٹیٹو ری پبلکن رچ میکارمک اور ڈیموکریٹ ڈین کیلڈی نے پیش کی تھی۔ رکن کانگریس میکارمک کے آفس نے تصدیق کی ہے کہ قرارداد کو 50 ووٹوں سے منظور کیا گیا ہے اور اس کی مخالفت میں ایک ووٹ بھی نہیں آیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان کے انتخابات میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کروائی جائیں۔ اس پس منظر میں پاکستان کے اندر مذہبی اقلیتوں کے حقوق، ملک میں جبری تبدیلی مذہب اور توہین مذہب کے قوانین سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔