گوجرانوالہ:صوبائی وزیر آبپاشی کانندی پور پاور پراجیکٹ کا دورہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب کاظم پیرزادہ نے کہاہے کہ صوبے میں نہری نظام میں بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ پنجاب بھر میں ریسرچ اسٹیشنز اور بیراجوں کی استعداد کار میں اضافہ اور آبپاشی کے دیگر منصوبوں کی تکمیل سے زرعی شعبہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نندی پور پاور پراجیکٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے اپنے دورہ کے دوران چینلائزیشن کے لیے راوی اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ماڈل اسٹڈیز‘ دریائے سندھ کے ماڈل اسٹڈی‘ دریائے راوی کے ماڈل اسٹڈی‘ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سپل وے ماڈل اسٹڈی‘ تربیلا توسیعی پراجیکٹ کے ماڈل اور نندی پور کے میوزیم ہال کا معائنہ کیا۔ جہاں ماڈلز کی کہانیاں واٹر سیکٹر کے منصوبوں اور پنجاب بیراجوں کے پورٹریٹ بہت خوبصورتی سے سجائے گئے تھے۔اس موقع پر چیف انجینئر سعید احمد نے صوبائی وزیر کوپانی کے شعبے کے منصوبوں کی تحقیق کی اہمیت اور جاری ماڈل اسٹڈیز‘دریائے راوی، سندھ اور چناب کے پانی سے متعلق مسائل کو کم کرنے کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے تحقیقی سرگرمیاں اور تحقیقی اسٹیشن کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے وژن کے مطابق ریسرچ سٹیشنز کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات جاری رکھے جائیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر کاظم پیرزادہ نے ریسرچ سٹیشن پر گووا اور کھجور کے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔