قلعہ دیدار سنگھ: ہوٹل،ریسٹورنٹ احترام رمضان آرڈیننس کی دھجیاں اڑانے لگے
قلعہ دیدار سنگھ(نمائندہ خصوصی)شہر و گردونواح میں ہوٹل،ریسٹورنٹ احترام رمضان آرڈیننس کی دھجیاں اڑانے لگے،دن بھر کھانے پینے کے پوائنٹس کھلے رہنے سے رمضان کا تقدس پامال،انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی۔ علما ء اکرام کی اسلامی شعائر کی بے حرمتی کی سختی سے مذمت،کھانے پینے کے پوائنٹس فوری بند کروانے کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں مقررہ وقت سے قبل کھانے پینے کی اشیا کی فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے مگر شہر وگردونواح میں دوپہر سے ہی کئی چوکوں،چوراہوں اور بازار میں واقع متعدد فوڈ اور ریفریشمنٹ پوائنٹس کھانے پینے کی اشیا کی فروخت شروع کر دیتے ہیں۔جبکہ علاقہ کی مین شاہرائوں پر واقع ہوٹلز دن بھر کھلے رہتے ہیں جہاں روز خوروں کو دن بھر کھلایا پلایا جاتا ہے جس سے رمضان کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔جبکہ علما ء اکرام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں سرعام کھانا پینا اسلامی شعار کی بے حرمتی وخلاف ورزی ہے۔ اسلام میں اس کی ہرگز اجازت نہیں ،ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے ہوش کے ناخن لیں رمضان المبارک کا تقدس بحال رکھنے میں کرداراداکریں۔ ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کھانے کے دیگر پوائنٹس مکمل بندکروائے جائیں۔