• news

 اللہ والوں کی صحبت سے اللہ کی پہچان ملتی ہے:شیخ حماد مصطفی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے پوتے نوجوان سکالر شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے جامع شیخ الاسلام میں گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماءکی صحبت سے علم، حکماءکی صحبت سے حکمت اور اہل اللہ کی صحبت سے اللہ کی پہچان نصیب ہوتی ہے۔ اللہ رب العزت نے ہر انسان کو فطرتِ سلیم پر پیدا کیا ہے، فطرت عادات کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے، یہ فطرت انسان کو بعض امور کے کرنے اور بعض کو ترک کرنے پر مجبور کرتی ہے، یہی فطرت دین کی طرف رغبت اور میلان پیدا کرتی ہے۔ فطرتِ سلیم ہی انسان کو اہل اللہ اور اہل حق کی طرف راغب کرتی ہے اور ان کے قریب لے جاتی ہے لہذا جو لوگ اپنے آپ کو اہل اللہ اور اہل حق کے قریب سمجھتے ہیں وہ جان لیں کہ وہ اپنی فطرت پر ہیں اور جو لوگ اہل اللہ سے دور ہیں وہ یہ جان لیں کہ وہ اپنی فطرت سے دور ہیں۔ یہ اصول دائمی اور ازلی ہے کہ جادہءحق پر استقامت کے ساتھ گامزن رہنے والے صاحبانِ امانت و صداقت عدد کے لحاظ سے کم ہوتے ہیں۔ اہل حق عدد کے لحاظ سے کم، لیکن قدر و قیمت اور مقام و مرتبہ کے اعتبار سے بہت بلند ہوتے ہیں۔ اہل حق کی راہ حق پر مداومت کی بدولت ان کا اجر بھی دائمی ہوتا ہے، اللہ رب العزت انہیں قیامت تک دوام عطا فرما دیتا ہے۔ نماز جمعہ کے اختتام پر صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے دعا کروائی۔

ای پیپر-دی نیشن