یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے:ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور(نیوز رپورٹر) ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے جس میں ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کیلئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکا ر کے مطابق بھر پور محنت کرنا ہوگی تاکہ اقوام عالم میں پاکستان کا نام بلند ہونے کے ساتھ عزت وقار کی علامت بھی ہو۔ انہوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ قرارداد پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ آج ملک کے حالات ہم سے یہ تقاضا کرتے ہیں کہ ہم اتحاد ایمان اور تنظیم کا جو پیغام قائداعظمؒ نے دیا تھا اس کے مطابق پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائیں۔ 23مارچ 1940کو پاکستان کا تصور پیش کیا گیا اور بڑی جدو جہد اور قربانیوں کے بعد پاکستان وجود میں آیا۔ آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو پاکستان کے حصول کا مقصد سمجھائیں تا کہ نئی نسل دو قومی نظریہ کو جان سکے اور آگے چل کر مستقبل کے یہ معمار پاکستان کی ترقی اور بقا کیلئے صحیح معنوں میں کام کر سکے۔ آج ملک کو درپیش تمام بحر انوں سے نبردآزما ہونے کیلئے ہمیں تازہ ولولہ اور تنظیم نو کے ساتھ وسیع تر انقلاب کی بنیاد رکھنا ہو گی۔