• news

 فیڈریشن کے معاملات پر توجہ کے بجائے ہاکی ٹیم پر توجہ دینا چاہیے: شہلا رضا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر توجہ کے بجائے ہاکی ٹیم پر توجہ دینا چاہیے۔پریس کانفرنس کے دوران شہلا رضا کا کہنا تھا کہ دو فیڈریشن کے قیام کے بعد پی ایچ ایف کے سرپرست اعلی وزیراعظم سے رابطہ کرکے وقت مانگا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کو تمام صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ کراچی کے کانگریس کے غیر معمولی اجلاس میں اصل ممبران نے شرکت کی تھی جبکہ اسلام آباد کے اجلاس میں کانگریس کے وہ ممبران شریک تھے جنہیں اس تنازعے سے پہلے ہی فارغ کردیا گیا تھا۔ طارق بگٹی پہلے ہمارے ساتھ تھے، لیکن جب انہوں نے چوروں کا ساتھ دیا تو ہم نے راستے جدا کرلیے۔ نگران وزیراعظم کے نامزد صدر طارق بگٹی کو اصل کانگریس اجلاس میں شرکت کرنی تھی، اجلاس سے ایک روز پہلے ان کی مجھ سے بات ہوئی تھی۔ طارق بگٹی کو الیکشن اور سکروٹنی کروانی تھی، انہیں جو کام دیا گیا انہوں نے وہ نہیں کیا۔ کانگریس کے اجلاس میں نگران وزیراعظم کے نامزد صدر طارق بگٹی کو کانگریس نے تسلیم نہیں کیا، اجلاس میں میرا نام بھی پیش کیا گیا جس پر سب متفق تھے۔ چند ماہ قبل کانگریس کے کچھ ممبران نے سابق صدر خالد سجاد کھوکھر پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، کانگریس ممبران کی درخواست پر اگست میں اجلاس بلایا گیا لیکن کانگریس ممبران اجلاس میں عدم اعتماد پیش نہ کرسکے۔قوانین کے تحت سابق صدر خالد کھوکھر کیخلاف عدم اعتماد کے اظہار کی ناکامی کے بعد ممبران کی رکنیت ختم کردی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن