امریکی کرکٹ بورڈ نے افغان نژاد سی ای او کو برطرف کردیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) امریکی کرکٹ بورڈ نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے اپنے چیف ایگزیکٹیو افسر ڈاکٹر نور محمد کو فوری طور پر برطرف کر دیا۔امریکی کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ملک میں کھیل کے بہتر مفاد کیلئے ڈاکٹر نور محمد کا معاہدہ ختم کردیا گیا ہے۔امریکی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین وینو پیسیکے کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بڑے غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے اور ادارے کے بہترین مفاد میں ہے، ہم امریکہ میں تنظیم اور کرکٹ کی مسلسل بہتری کیلئے تبدیلیاں کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ڈاکٹر نور محمد مراد اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او بھی رہ چکے ہیں اور گزشتہ برس جولائی میں امریکی کرکٹ بورڈ کے سی ای او کے عہدے کیلئے منتخب کیے گئے تھے۔کابل میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ڈاکٹر نور محمد مراد اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی کیلئے خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے تسلیم شدہ یو ایس اے کرکٹ قومی فیڈریشن ہونے کے ناطے امریکہ میں ہر سطح پر کرکٹ کا کنٹرول، ریگولیٹ کرنا اور کھیل کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے۔