فیروز والہ :غیر قانونی ہاﺅسنگ کالونیاں پلاٹوں کی خریدوفروخت ‘سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان
فیروزوالہ( نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بورڈ اف ریوینیو کی انسپیکشن ٹیموں نے ڈسٹرکٹ شیخوپورہ اور اس کے گرد و نواح میں زرعی زمینوں میں بننے والی درجنوں غیر قانونی پرائیویٹ ہاو¿سنگ کالونیوں کا آڈٹ مکمل کر کے رپورٹ جاری کر دی ۔ انکشاف کیا گیا ہے کہ ان کالونیوں میں پلاٹوں کی انٹرنل خریدو فروخت کی وجہ سے سرکاری خزانے کو اب تک پہنچنے والے نقصان کا اندازہ مجموعی طور پر کروڑوں روپے لگایا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ، شرقپور روڈ ،گوجرانوالہ روڈ ‘لاہور روڈ، فیصل آباد بائی پاس روڈ ‘ہرن مینار روڈ سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی پرائیویٹ ہاو¿سنگ سکیموں میں سے ہر سکیم کی وجہ سے سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی علیحدہ علیحدہ نشتاندہی کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ شیخوپورہ میں بلدیاتی اداروں اور محکمہ مال کے بعض کرپٹ افسروں کی ملی بھگت سے 200 سے زیادہ جعلی پرائیویٹ ہاو¿سنگ کالونیاں بنی ہوئی ہیں۔ اب ان کے پلاٹوں کی فردیں جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ایک فرد کے اجرا کےلئے دو تا تین لاکھ روپے رشوت لی جاتی ہے۔ کالونیوں کی پلاٹوں کی خرید و فروخت پر پابندی ہونے کی وجہ سے مالکان اپنے دفاتر میں خرید کنندہ اور فروخت کنندہ کے درمیان اشٹام پیپر پر معاہدہ کر کے انٹرنل خرید و فروخت کروا دیتے ہیں جس سے سرکاری خزانے کو ہر پلاٹ کی خرید و فروخت پر اشٹام ڈیوٹی رجسٹری فیسیں اور ایف بی ار کے ٹیکسوں کی مدوں میں لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ علم ہونے پر شیخوپورہ کی پرائیویٹ کالونیوں کاآڈٹ کرنے کی ہدایت حکومت پنجاب نے جاری کی تھی۔متعدد کالونیوں کے مالکان نے بار بار مانگنے کے باوجود کالونیوں کے پلاٹوں کا ریکارڈ انسپیکشن ٹیموں کو فراہم نہیں کیا۔