• news

ڈکیتی مزاحمت پر فیکٹری سپروائزر قتل‘ رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کے زیورات چوری

لاہور‘ فیروزوالا‘ شیخوپورہ (نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی) کوٹ عبدالمالک پل کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فیکٹری سپروائزر قتل کر دیا گیا۔ دوسری طرف شہر میں چوری اور ڈاکے کی مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان سے محروم ہو گئے ہیں۔ لاہور روڈ کی آبادی کوٹ عبدالمالک موٹروے پل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے فیکٹری سپروائزر رضا اقبال خان  کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کا ساتھی معجزانہ طور پر بچ گیا۔ ڈاکو نقدی، موبائل چھین کر  فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور کا رہائشی رضا اقبال اپنے ساتھی ارسلان احمد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جاوید نگر فیکٹری سے فارغ ہو کر لاہور  اپنے گھر جا رہے تھے۔ جب دونوں موٹر سائیکل سوار موٹروے پل کے قریب پہنچے تو ڈاکوئوں نے ناکہ لگا  رکھا تھا، گن پوائنٹ پر انہیں کر روک لیا۔ ڈاکو نے ان سے نقدی اور موبائل چھین لیا جس پر دونوں نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے ان پر فائرنگ کر دی‘ جس پر مزدوروں نے روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ادھر مسلم لیک (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردارکے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری ہوگئے۔ رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کے زیورات چوری ہونے کا واقعہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں موجود ایک کلب میں پیش آیا، عظمیٰ کاردارکا کہنا تھا کہ جس دوران میں سوئمنگ کر رہی تھی اس دوران کسی نے میرے پرس سے 4 سے 5 لاکھ روپے  مالیت کے طلائی زیورات چرا لئے ہیں۔ عظمیٰ کاردار نے سوئمنگ کلب کی دو انسٹرکٹرز اور ملازمین پر شبہ ظاہر کیا ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ٹاؤن شپ کے علاقے میں مختار کے گھر سے گھریلو ملازمہ 25 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور ملکی وغیر ملکی کرنسی چوری کرکے فرار ہوگئی ہے۔ڈاکوؤں نے گلشن اقبال کے علاقے میں جبار کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6لاکھ 12ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان،سبزہ زار کے علاقے میں یعقوب اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون اور دیگر سامان،چوہنگ کے علاقے میں عمر،بادامی باغ کے علاقے میں وقار، غازی آباد کے علاقے میں شہزاد، ٹاؤن شپ میں اسدجبکہ ہربنس پورہ میں تیمور سے ہزاروں روپے نقدی اورموبائل فون لوٹ لئے اور فرار ہو گئے ہیں۔چوروں نے گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، شادمان،ملت پارک اور شاہدرہ کے علاقوں میں سے 5 کاریں، کاہنہ میں سے رکشہ جبکہ اسلام پورہ، لوئرمال، شفیق آباد، مصری شاہ، باغبانپورہ، برکی، ریس کورس، مزنگ، ہنجروال، لیاقت آباد، اور رائیونڈ کے علاقوں میں سے 12 سے موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن