پارلیمنٹ حملہ کیس: عمران‘ شاہ محمود کو 20 اپریل کو عدالت پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی عدالت نے عمران اور شاہ محمود کے پروڈکشن درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 20 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے عمران اور دیگر کے خلاف پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔ نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کسی بھی عدالت کا حکم نہیں مانتے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے حکم منوانا چاہیے اور بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنا چاہیے، سکیورٹی کا بہانا ہے، ویڈیو لنک پربھی بانی پی ٹی آئی کی حاضری نہیں لگواتے۔ نعیم پنجوتھا کے دلائل پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں اور مختلف صورتحال ہے، ویڈیو لنک کا آپشن تو موجود ہے لیکن حاضری ای کورٹ میں لگتی ہے۔ وکیل نے کہا عدالت بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم دے، ہائیکورٹ نے فیصلہ دیاکہ ویڈیو لنک پر سیاسی رہنما سے ملاقات ہوسکتی ہے، اڈیالہ جیل میں انٹرنیٹ چلتا ہے لیکن صرف بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر انٹرنیٹ نہیں چلتا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر لانے سے گھبراتے ہیں۔ عدالت نے نعیم پنجوتھا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن کی درخواست منظورکرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو 20 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔