گجرات کی ترقی کیلئے ملنے والے فنڈز حیرت ہے کہاں گئے: سالک حسین
گجرات (نامہ نگار) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا کہ گجرات میں جلد رکے ترقیاتی منصوبے شروع ہو رہے ہیں، لوگ اسے جلد بدلا ہوا محسوس کریں گے۔ گجرات کے تمام مسائل اور حالات کا بخوبی ادراک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات کی مختلف یونین کونسلوں سے آئے ہوئے ق لیگی وفود سے اپنی رہائشگاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید حسن شاہ آف معین الدین پور، چوہدری زاہد آف جسوکی، چوہدری وریام اکرم گجر، چوہدری احمد فراز بانٹھ، چوہدری افتخار سماں، چوہدری رؤف وڑائچ کٹھالہ، چوہدری سارب وڑائچ، میاں دلاور، علی سندھو، مجتبیٰ سبحانی آف ساہنوال بھی موجود تھے۔ سالک حسین نے کہا چوہدری شافع حسین اور میں ملکر ایسے پراجیکٹ لائیں گے جن کی اشد ضرورت یہاں کے باسیوں کو ہے۔ حیرت ہے اربوں کے فنڈز ماضی میں یہاں لائے گئے لیکن شہر کی حالت دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ وہ فنڈز کہاں گئے۔ انشاء اللہ اپنے ضلع کا امیج مزید بہتر بنائیں گے۔ وفود نے وفاقی وزیر کو حلقہ این اے 64 اور علاقے کے دیرینہ مسائل سے آگاہ کیا جس پر چوہدری سالک حسین نے ان منصوبوں کے حل کے حوالے سے انہیں مکمل طور پر یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آپ کے علاقے نے الیکشن میں ووٹوں سے جس محبت سے نوازا اسے ہمیشہ ہمارا خاندان یاد رکھے گا۔ سید حسن شاہ نے کہا کہ پہلے بھی چوہدری سالک حسین کے ساتھ پہلی صف میں کھڑے تھے انشاء اللہ آئندہ بھی ڈٹ کر ان کا ہر موقع پر ساتھ دیں گے۔