امریکی سفیر کا قابل تجد ید توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کیلئے اظہار دلچسپی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیر نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اویس لغاری نے پاکستان کے توانائی بچت اقدامات کے نفاذ کیلئے یو ایس ایڈ کو تعاون کی دعوت دی۔ پاکستان توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کروا رہے ہیں۔ دوسری طرف وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک سے بھی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے مصدق ملک کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ مصدق ملک نے کہا کہ توانائی سیکٹر‘ معدنیات‘ تیل‘ گیس کی تلاش کیلئے پاکستان میں مواقع موجود ہیں۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہم پر زور دیا۔ مصدق ملک نے ایک انٹرویومیں کہا کہ نقصان میں چلنے والے ادارے کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے قانونی سازی ہوچکی ہے، ہولڈنگ کمپنی کو تشکیل دے دی گئی جس کے بعد پی آئی اے کی نجکاری ہوجائے گی۔