اسحاق ڈار کی برطانوی وزرا سے ملاقاتیں ، پی آئی اے پروازوںکی بحالی کا مطالبہ
لندن( عارف چودھری + نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار لندن پہنچ گئے انہوں نے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس میں برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا اور دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد کے ساتھ ساتھ وزیر مملکت برائے ترقی اینڈریو مچل سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، علاقائی اور عالمی سلامتی، اقوام متحدہ اور دیگر کثیر جہتی فورمز میں پاکستان کے کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معاشی اور ترقیاتی وژن پر بات چیت ہوئی۔لارڈ احمد نے وزیر خارجہ ڈار سے ملاقات میں انہیں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید وسعت دینے کے لیے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اقدامات زیر بحث آئے۔وزیر خارجہ ڈار کی جانب سے برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی جلد از جلد بحالی کے مطالبے کے جواب میں، برطانیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ پاکستان کے ساتھ تکنیکی سطح پر مل کر کام کر رہا ہے تاکہ جلد از جلد پروازوں کی بحالی میں مدد کی جا سکے۔ وزیر خارجہ نے برطانیہ کو یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے تمام تکنیکی رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے گا، جس سے پی آئی اے برطانیہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر سکے گی۔افغانستان کے حوالے سے جنوبی ایشیا کے وزیر مملکت نے افغان شہریوں کی آبادکاری پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ ڈار نے شاہ چارلس III اور ویلز کی شہزادی کے لیے مکمل صحت اور صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ لارڈ کیمرون، منسٹر لارڈ احمد اور منسٹر مچل کو دورہ پاکستان کی پرخلوص دعوتیں دیں جنہیں بھرپور پذیرائی ملی۔