سلیکشن سے وہی لوگ مسلط کر دیئے جو 4، 4 بار اقتدار میں رہے: سراج الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سلیکشن کے نتیجہ میں وہی لوگ مسلط کردیے گئے جو چار چار بار اقتدار میں رہ چکے ہیں، یہ کمپنی زیادہ دیر نہیں چلے گی، ان کے نزدیک معیشت کی بہتری کا واحد حل آئی ایم ایف کی غلامی ہے، حکمرانوں سے کہتا ہوں رمضان کے مہینے میں توبہ کرلیں، کرپشن نہ کریں، وی آئی پی اخراجات کا خاتمہ اور سود سے نجات حاصل کریں، نئے ٹیکسز لگے تو عوام کے ساتھ مل کر جمہوری اور پرامن طریقہ سے مخالفت اور مزاحمت کریں گے۔ مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے، جماعت اسلامی قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، قوم سے تعاون کی اپیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں کارکنوں کے اعزاز میں افطار تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، رہنما جماعت اسلامی حافظ ادریس اور دیگر قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ غزہ جل رہا ہے، اسلامی ممالک کے حکمران خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے اس سے قبل 23بار قرضہ لیا گیا، قوم کو بتایا جائے یہ رقم کہاں گئی، مزید قرضوں سے پہلے ماضی کے قرضوں کا آڈٹ کیا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک پر مسلط طبقات ہی ملک کے مسائل کی جڑ اور سٹیٹس کو اورفرسودہ نظام کے پہرے دار ہیں۔