چینی سفیر کی وزیزمنصوبہ بندی سے ملاقات سی پیک فیز2تیز کرنے پر اتفاق
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زئی ڈونگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں سی پیک فیز 2 کو تیز کرنے پر اتفاق اور پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں جانے کا خواہاں ہے اور سی پیک کے تحت اقدامات اور منصوبوں کے بر وقت نفاذ اور تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان انتھک محنت کرے گی۔ملاقات میں فریقین نے سی پیک فیز 2 کو تیز کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے اقتصادی زونز کو فعال کرنا شامل ہے، ہمیں ایسے سیکٹرز کا تعین کرنا ہوگا جن میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دشمن نہیں چاہتے کہ ہم ترقی کریں ،۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے قومی ترقی کے لیے سی پیک کے تحت پانچ اقتصادی راہداریوں پر کام تیز کر دیا ہے ، ان پانچ راہداریوں میں روزگار کی تخلیق ، گرین انرجی، انوویشن اور خصوصی علاقائی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ اور اس سے منسلک فری زون کی ترقی سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی اورخطے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر انے چینی سفیر کو یقین سلایا کہ حکومت چینی حکام کی سیکیورٹی کے لیئے بھر پور اقسامات اٹھا رہی ہے، چین کے سفیر نے وفاقی وزیر کو چوتھی بار وزیر منصوبہ بندی بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ ساری دنیا میں مسٹر سی پیک کے نام سے جانے جاتے ہیں، چینی سفیر نے کہا کہ آپ کی سربراہی میں مجھے بھی مزید سیکھنے کا موقع ملے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی میںاین ای او سی ہیڈکوارٹرز کادورہ کیا ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے وفاقی وزیر کو خطرات سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی صلاحیتوں پر تفصیلی بریف کیا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ این ؎ڈی ایم اے کے تحت نیشنل ایمرجنسی سینٹر کے قیام میں موسمیاتی تغیرات کا سامنا کرنے کیلئے لائحہ عمل تیا کرنے میں مدد مل سکے گی ۔