• news

پاکستان نعمت ہے ہم نے بڑی مشکل سے حاصل کیا ، وزیر اطلاعات  

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے قرارداد پاکستان کے مقصد کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، آج ہم یوم قرارداد پاکستان منا کر اس عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ پاکستان ایک نعمت ہے جسے ہم نے بڑی مشکل سے حاصل کیا ہے، ہمیں اپنے ملک کے لئے کام کرنے اور اسے ایک مثالی ملک بنانے کے لئے اپنی پوری توانائیاں صرف کرنی چاہئیں۔ ہفتہ کو یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ہم یوم قرارداد پاکستان منا رہے ہیں، یہ ایک ایسا دن ہے جس نے ہمارے لئے ایک آزاد وطن کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔ 1940 میں اس روز آل انڈیا مسلم لیگ نے لاہور میں اپنا سالانہ اجلاس منعقد کیا تھا جس میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی، اس قرارداد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان ایک تاریخی دستاویز ہے جس نے پاکستان کی تحریک آزادی کو ایک نئی سمت دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن