• news

پاکستان کے خیرخواہ ہیں، سعودی وزیر دفاع: معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت، شہباز شریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے )  پاکستان اور سعودی عرب نے مل کر کام کرنے ، دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ،صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے ملاقات کی ،ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے ، پاکستان اور سعودی عرب کا باہمی مفاد کیلئے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا،صدر مملکت نے مشکل وقت میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت پر سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔شاہ سلمان کی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد کے وژن کو بھی سراہا۔ سعودی وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تاریخی، اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون ہے، دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیئے، تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، سعودی عرب علاقائی خوشحالی پر یقین رکھتا ہے، صدر آصف زرداری نے خصوصی تقریب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیزکو نشان پاکستان ایوارڈ سے بھی نوازا، سعودی وزیرِ دفاع کو ایوارڈ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف میں دیا گیا۔ صدر مملکت نے شہزادہ خالد کو ایوارڈ پر مبارکباد دی، دفاعی تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ امور، علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر سعودی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت پر منی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ جس کو پاکستان میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔  وزیراعظم نے سعودی وزیر دفاع سے کہا کہ ہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ، معدنیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سعودی وزیر دفاع نے وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے یوم پاکستان کی پریڈ میں  بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور مفید ثابت ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن