یوم پاکستان پر سینکڑوں سویلینز اور فوجی شخصیات کو اعزازت دینے کی تقاریب
اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + اپنے سٹاف رپورٹر سے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ملک کیلئے گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعلیٰ سول اعزازت تقسیم کئے، پاکستان کے معروف شاعر اور ادیب انور مسعود سہارا لے کر چلتے ہوئے سٹیج پر آئے تو صدر مملکت ان کے اعزاز میں خود سٹیج سے اترے اور ہلال امتیاز ان کے سینے پر سجایا۔ صدر مملکت نے سینئر سیاست دان راجہ طفر الحق، سید قائم علی شاہ، بریگیڈیئر سرفراز مرحوم، ڈاکٹر شمشاد، ایئر مارشل ریٹائرڈ نجیب اختر، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، صلاح الدین صدیقی کو ہاکی کے شعبے میں خدمات انجام دینے پر، افتخار عارف کو شاعری اور ادب کے شعبے میں خدمات انجام دینے پر نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ ان کے علاوہ فواد حسن فواد کو خدمات عامہ، سید طارق فاطمی کو خارجہ امور میں خدمات انجام دینے پر، احمد شاہ، طارق باجوہ کو معاشی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔ مشتاق سکھیرا کو پولیس کے شعبے میں خدمات انجام دینے پر ہلال شجاعت سے نوازا گیا۔ ناصر محمود کھوسہ کو خدمات عامہ کے شعبے میں ہلال امتیاز دیا گیا۔ مفتی عبدالشکور کو عوامی خدمات کے شعبے میں بعد از وفات ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو نشان امتیاز، ہلال امتیاز، تمغہ امتیاز، ہلال پاکستان، ہلال قائداعظم، ستارہ شجاعت، ستارہ امتیاز، صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور تمغہ شجاعت کے اعزازات دیئے گئے۔ نشان امتیاز حاصل کرنے والوں میں، سید قائم علی شاہ، ڈاکٹر شمشاد اختر، ایئر مارشل (ر) نجیب اختر، محمد حفیظ قریشی مرحوم، صلاح الدین صدیقی اور افتخار حسین عارف شامل ہیں۔ صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی کا اعزاز لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز، لیفٹیننٹ کرنل جنید علی ذوالفقار، سہیل سرور سلطان (سہیل وڑائچ) اور فرح محمود رانا نے حاصل کیا۔ ستارہ قائداعظم کا اعزاز ڈاکٹر حسین ایف قاوازوچ اور سلمیٰ سلمان زاہد کو دیا گیا۔ تمغہ شجاعت کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں محمد بلال ریاض برکی، محمد عثمان اور سید عامر اختر شامل ہیں۔ صدر نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو ہلال امتیاز عطا کیا ہے۔ سیلاب کے دوران خدمات پر سمانتھا پاور کو ہلال قائداعظم سے نوازا گیا۔ جاپانی سفیر واڈا مٹسو ہیرو نے یوم پاکستان پر مبارکباد دی ہے۔ سابق چیف اکانومسٹ آف پاکستان ڈاکٹر ندیم جاوید کو صدر پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے سپیشل سیکرٹری قانون سازی قومی اسمبلی محمد مشتاق کو سول صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق کو صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز حسن کارکردگی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق صدر مملکت نے مسلح افواج کے 598 افسروں و جوانوں کے لیے فوجی اعزازات کا اعلان کیا ہے، ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے شہداء شامل ہیں۔افسران اور جوانوں میں ایک ستارہ بسالت، 135 تمغہ بسالت، 45 امتیازی اسناد، 148 چیف آف آرمی سٹاف تعریفی اسناد، 23 ہلال امتیاز ملٹری، 109 ستارہ امتیاز ملٹری اور 137 تمغہ امتیاز ملٹری کا اعلان کیا گیا ہے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 76 افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کئے۔ گورنر سندھ نے 18افراد کو ستارہ امتیاز، 8کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ، 7 کو تمغہ شجاعت اور 43 افراد کو تمغہ امتیاز دیا۔ گورنر سندھ نے دھائی بائی عرف مائی دھائی، عبدالجبار گل، قادر بخش مٹھو، عدنان صدیقی، مشکور رضا خان، شیما کرمانی، نصیر بیگ مرزا اور افضل احمد سید کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا۔ گورنر خیبر پی کے حاجی غلام علی نے 58 شخصیات کو مثالی خدمات سرانجام دینے پر صدارتی سول اعزازت سے نوازا ہے۔ گورنرحاجی غلام علی نے میئر پشاور حاجی زبیر علی کو خدمات عامہ کے شعبہ میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں صدارتی سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازاجبکہ اسی طرح صوبے کی مزید 36 شخصیات کو بھی تمغہ امتیاز کے صدارتی سول ایوارڈ سے نوازا۔ گورنر نے2 شخصیات عصمت جبین آفریدی اور ڈاکٹر ندیم جان کوشعبہ خدمات عامہ میں گرانقدر خدمات پر صدارتی ایوارڈ ستارہ امتیاز سے نوازا جبکہ صوبہ کی 6 شخصیات کوصدارتی ایوارڈ تمغہ شجاعت اور14 شخصیات کو صدارتی سول ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔ گورنر ہاؤس میں پروقار تقریب میں نوردین (چاچا نورا) کو پشاوری چپل، ہمایوں خان کو شعبہ پشتو گائیکی، ڈاکٹر عمر شہباز خان کو شعبہ تعلیم، ڈاکٹر کاشف کفایت کو شعبہ سائبر سکیورٹی، ڈاکٹر امجد محبوب کو شعبہ طب، گلاب خیل کو شعبہ فن رباب، عجب گل خان کو شعبہ فنون، اداکاری و ہدایتکاری، عشرت عباس کو شعبہ فن ڈرامہ، ریڈیو، تھیٹر اداکاری، عجب خان کو شعبہ فن خطاطی و مصوری، پروفیسر احسام الدین المعروف اسیر منگل کو شعبہ شاعری، ادب و مصنف، احمد حسین مجاھد کو شعبہ ادب، شاعری، مصنف اور عزیز اعجاز کو شعبہ ادب، شاعری اور مرحوم محمد خلیل کو گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، شاکرزیب نوشہروی کو شعبہ فن موسیقی ڈائریکشن میں شاندارخدمات پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جوکہ اْن کے بھائی فرخ زیب نے وصول کیا۔ تعلیم کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ اسی طرح اداکاری میں بہترین کارکردگی پر سجل علی‘ جگن کاظم کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ، ڈاکٹر شاہد منیر، ڈاکٹر محمد یار، ڈاکٹر عامر سعید، ڈاکٹر محمد ضیاء کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کوبھی تمغہ امتیاز دیا گیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کاروباری شخصیت عارف حبیب، سابق چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت، مفتی منیب الرحمٰن اور این ای ڈی یونیورسٹی سے منسلک ڈاکٹر نعیم اظفر کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔ اس کے علاوہ کاروباری شخصیت عزیز میمن، آئی جی پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام اور ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ‘ اداکار عدنان صدیقی اور قادر بخش مٹوکو تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازاگیا۔ گورنر سندھ نے 18 افراد کو ستارہ امتیاز، 8کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی،7 کوتمغہ شجاعت اور43 افرادکو تمغہ امتیاز سے نوازا۔ قائم مقام گورنربلوچستان عبدالخالق اچکزئی نے مختلف شخصیات کو اعزازات سے نوازا، قائم مقام گورنر نے عبدالقدوس بزنجو، عبدالکریم بریالائی اور لال جان جعفر کو ستارہ امتیاز سے نوازا۔