قومی سوچ کیساتھ آگے بڑھنا ہی یوم پاکستان کا اصل پیغام ہے:ذیشان رفیق
لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان 23 مارچ 1940 کی قرارداد لاہور کا حاصل ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کو قرارداد پاکستان کے بعد ایک نئی سمت ملی۔ تحریک آزادی کے دوران ہمارے بزرگوں کی جدوجہد میں ہمارے لئے واضح پیغام ہے۔ مسلمانوں نے ثابت کیا کہ کوئی بھی منزل عزم صمیم سے پانا ممکن ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران یوم پاکستان کے پیغام کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ صاحب ثروت افراد کو محروم معیشت طبقے کا ہاتھ تھامنا چاہیے۔ قومی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہی یوم پاکستان کا اصل پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات عوام کو میونسپل خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انشااللہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کا مشن آگے بڑھائیں گے۔