• news

طاہر فاروق کی زیر صدارت اجلاس ،راوی برج منصوبے کا 63 فیصد کام مکمل  

لاہور(خبرنگار)ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایل ڈی اے کی جانب سے رواں مالی سال میں کیے گئے منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور اور راوی برج توسیعی منصوبے کی پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پیکج ٹو پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ راوی برج توسیعی منصوبے پر کام دن رات تیزی سے جاری ہے۔ راوی برج کے 3 سیکشنز پر آئندہ ہفتے گرڈرز کی لانچنگ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ 3 سیکشنز پر گرڈرز کی لانچنگ کرکے دریا کے بیڈ سے پانی دوسری طرف منتقل کیا جائے گا۔مجموعی طور پر راوی برج منصوبے کا 63 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔اجلاس میں شہر میں جاری مختلف چھوٹی بڑی سڑکوں کے پیچ ورک اور مرمت و بحالی کے کاموں پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی، ایل ڈی اے ایونیو ون اور جوبلی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی کاموں بارے بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، ڈائریکٹر بلڈنگ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔بعدازاں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے شہر کے مختلف مصروف ترین پوائنٹس کا دورہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن