• news

پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی چھوڑنے کا نہیں کہا: سالک حسین

گجرات (نامہ نگار+ آئی این پی) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چوہدری  سالک حسین نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کے فیصلے پر ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔ گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک نے کہا کہ ادارے اندر سے کھوکھلے ہو چکے ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے تفصیلی پلان بنا رہے ہیں۔ چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ آگاہی کے لیے وزارت اوورسیز کی شکایات کے لیے پورٹل بنا رہی ہے۔ سعودی عرب، جاپان، انگلینڈ، امریکہ، یورپ میں لیبر کی ڈیمانڈ ہے جس کے پلان پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ لوگ لیگل طریقے سے بیرون ملک جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوںکے اپنے وطن میں جائیدادوں کے حوالے سے ایسا نظام متعارف کروا رہا ہوں کہ انہیں زمین ٹرانسفر کروانے اور خرید و فروخت کیلئے اب نہ تو پاکستان میں کوئی سہارا ڈھونڈنا پڑے گا اور نہ ہی انہیں بالخصوص اس حوالے سے پاکستان آنے کی زحمت اٹھانا پڑے گی۔ سالک حسین نے کہا ہے کہ کبھی پرویز الٰہی کو نہیں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو چھوڑ دیں۔ مونس الٰہی نے چودھری شجاعت حسین کو کہا تھا کہ سیاست اپنی اپنی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن