افغانستان کیساتھ عوامی رابطون کیلئے رابطوں پر عزم سیکرٹر ی تجارت آج کابل جائیں گے : پاکستان
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری تجارت خرم آغا پیر 25 مارچ 2024 سے افغانستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ وہ افغان حکام کے ساتھ تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارت اور عوامی رابطوں کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کی وزارت تجارت دو طرفہ تجارتی امور پر تبادلہ خیال کرنے اور سرحدی کراسنگ پوائنٹس پر ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے کیلئے وفد کابل بھیجنے پرتیار ہوگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق ملکی برآمدات کو فروغ دینے والے ادارے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفسر محمد زبیر موتی والا نے بتایا کہکابل کا دورہ اعتماد کو فروغ دینے اور دونوں پڑوسیوں کے درمیان ہموار تجارتی بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت کو آسان بنانے، پابندیوں کو کم کرنے اور سرحدی مقامات پر ٹرانزٹ کو آسان بنانے کے لیے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔افغان وزارت تجارت کے ترجمان اخوندزادہ عبدالسلام جواد نے پاکستانی وفد کے طے شدہ دورے کی تصدیق کرتے ہوئے اسلام آباد پر دو طرفہ تجارتی معاملات کو پیچیدہ بنانے کا الزام لگایا۔مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے سامان کے ٹرکوں میں غیر ضروری تاخیر، بھاری کنٹینرز کی آمدورفت کے لیے دستاویزات کی تیاری میں سرخ فیتہ اور افغان ٹرکوں کے لیے پاکستانی ویزے کے حصول کے لیے اسلام آباد کے تازہ ترین قوانین پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔