زرداری، مریم اور نواز پرخیبر پی کے میں درج ایف آئی آر کی تفصیلات سامنے آگئیں
پشاور(آئی این پی ) صدر آصف علی زرداری، وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور سابق وزیراعظم نواز شریف پر خیبرپی کے میں درج ایف آئی آر کی تفصیلات سامنے آگئیں۔وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے مریم نواز، نواز شریف اور آصف زرداری کے گھر پولیس بھیجنے سے متعلق بیان دیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مریم نواز ، آصف علی زرداری اور نواز شریف پر کوئی نئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، تینوں پر 2022 ء میں مقدمہ درج ہوا تھا اور ایف آئی آر ڈی آئی خان کے تھانہ کینٹ میں درج ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ 2022 ء میں درج ایف آئی آر کو سیل کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں غداری کے مقدمات شامل ہیں، ایف آئی آر پی ٹی آئی کے گزشتہ دور حکومت میں درج کی گئی تھی۔ علی امین گنڈا پور نے گزشتہ دنوں مریم نواز، نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا بیان دیا تھا۔ اپنے بیان میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ وفاق اور پنجاب حکومت اپنی حرکتوں سے باز آجائے، یہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے تو ہم دیکھتے ہیں یہ کیسے حکومت چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز، نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف آئی آر درج ہوئی ہیں، ہمیں دھمکیاں دینے سے اجتناب کریں ایسا نہ ہو کہ آپ کے گھر پولیس بھیج دیں۔