• news

امریکی کانگریس نے بھاری اکثریت سے1.2 ٹریلین ڈالر کا بل منظور کر لیا

واشنگٹن(این این آئی)امریکی کانگریس نے بھاری اکثریت سے 1.2 ٹریلین ڈالر کا بجٹ بل منظور کرلیا ہے جس میں 6 ماہ قبل شروع ہونے والے مالی سال کے دوران حکومت کو فنڈز فراہم کیے گئے ہیں اور اسے قانون کا حصہ بنانے اور جزوی شٹ ڈائون کو روکنے کے لیے صدر جو بائیڈن کے پاس دستخط کرنے بھیج دیا گیا ہے، اس بل کو 74-24 سے پاس کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹک اکثریتی سینیٹ سے بل کی منظوری کے بعد کلیدی وفاقی ایجنسیوں بشمول ہوم لینڈ سیکیورٹی، جسٹس، اسٹیٹ اور ٹریژری کے محکمے، جن میں انٹرنل ریونیو سروس موجود ہے، کو 30 ستمبر تک فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔لیکن پاس ہونے والے اس بل میں یوکرائن، تائیوان یا اسرائیل کے لیے فوجی امداد کے لیے فنڈز شامل نہیں جو کہ سینیٹ سے منظور شدہ ایک مختلف بل میں موجود ہے جسے ریپبلکن کی قیادت میں ایوان نمائندگان نے نظر انداز کر دیا۔کاروباری برادری نے اخراجات کے بل کی منظوری کا خیرمقدم کیا اور پالیسی سازوں کے ساتھ قانون سازی کو آگے بڑھانے کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا جس سے کاروبار اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ٹیکس چھوٹ میں اضافہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن