کراچی میں لڑکیوں میں بھی نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون بڑھ گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) رمضان کا پہلا عشرہ ختم ہوتے ہی کراچی میں نائٹ کرکٹ کا جنون مزید بڑھ جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب لڑکوں کے بعد لڑکیوں نے بھی رمضان میں نائٹ کرکٹ کھیلنا شروع کردی ہے۔ کھیلو کرکٹ کی ایسوسی ایشن نے کراچی میں رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کچھی میمن گرائونڈ میں کیا جس میں کراچی کی سیکڑوں لڑکیوں نے شرکت کی۔خواتین کرکٹرز نے کہا کہ کہ پہلے وہ گھروں میں بیٹھ کر گلی محلے میں ہونے والے رمضان کرکٹ کا بہت شور سنتی تھیں، اب ان کی باری ہے وہ بھی رمضان کرکٹ کو انجوائے کرنا چاہتی ہیں۔ جب وہ رمضان کرکٹ کی کٹ پہن کر جارہی تھیں تو بھائی کو کہہ کر گئی تھیں کہ تم سے زیادہ رنز بنائونگی، رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں خواتین کرکٹرز کیساتھ ان کے والدین بھی باہر بیٹھے اپنی بچیوں کو بھرپور سپورٹ کررہے تھے۔ کھیلو کرکٹ کی سربراہ حدیل عبید کا کہنا تھا کہ کراچی کی رمضان کرکٹ پورے پاکستان میں مقبول ہے لیکن اس رمضان کرکٹ میں ویمنز کہیں موجود نہیں تھیں وہ چاہتی ہیں جس طرح لڑکوں کی رمضان کرکٹ کھیلنے پورے پاکستان کے کھلاڑی کراچی کا رخ کرتے ہیں، اس ہی طرح ویمنز نائٹ کرکٹ کو بھی مقبول کریں، ابھی تو ٹیپ بال سے آغاز کیا ہے امید ہے ہارڈ بال سے بھی رمضان کے ایونٹ کرائیں گے۔ رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 12ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ فاتح ٹیم کو ایک لاکھ اور رنر اپ کو 50ہزار روپے کی انعامی رقم ملے گی۔