• news

شجر ‘      بشر کی حفاظت سے ہی گرین اور کرپشن فری پاکستان ممکن: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شجر اور بشر کی حفاظت سے ہی کلین، گرین اور کرپشن فری پاکستان ممکن ہے۔ نااہل حکمرانوں کے غلط فیصلے اور عدم توجہی ماحول کی تباہی کا بڑا سبب ہیں۔ بڑے شہر آلودگی کا گڑھ بن چکے ہیں۔ قانون سازی کے ذریعے کمرشل علاقوں میں بھی پودے لگانا ضروری قرار دیا جائے۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق جنگلات ستائیس فیصد رقبہ پر ہونے چاہیے جبکہ پاکستان میں 5.2فیصد پر ہیں، بلین ٹری منصوبے کاغذوں پر ہی رہے۔ ملک میں سیاسی اور ماحولیاتی آلودگی کا راج ہے۔ لاہور،کراچی اور پشاور دنیا میں آلودہ ترین شہر، ماحولیاتی آلودگی کے باعث باغات اور پھولوں کے شہروں میں صحت مند زندگی عوام کے لیے خواب بن چکی ہے۔ جماعت اسلامی گرین، کلین، کرپشن فری پاکستان کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ہر پاکستانی سالانہ ایک پودا لگا کر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن اور ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی نے ملک گیر شجرکاری مہم کا آغاز ٹری فار آل فورم کے چیئرمین ڈاکٹر محمود قریشی کے تعاون سے کیا۔ شاہد تبسم اور ان کی ٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی۔ سراج الحق نے کہا کہ ماحولیات کے عالمی اداروں کے مطابق دنیا میں فضائی آلودگی سے ہرسال 70 لاکھ افراد کی موت ہورہی ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمران اشرافیہ کی ناقص پالیسیوں اور فیصلوں کی بدولت، باغات کا شہر لاہور درختوں سے خالی ہوکر ’سموگ ٹریپ‘ کراچی ’ہیٹ ٹریپ‘ اور اسلام آباد ’پلوشن ٹریپ‘ بنتا جارہا ہے۔ کراچی، لاہور، میں آلودگی کی صورت حال انتہائی سنگین ہوچکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن