رمضان المبارک تزکیہِ نفس ، خود احتسابی اور غمگساری کا مہینہ ہے ،پیر نقیب الرحمن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہم نہایت عظمتوں ، رحمتوں اور برکتوں والے ماہِ رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ ِمغفرت میں داخل ہو گئے ہیں ۔ ہمیں چاہئے کہ اس عشرہِ مغفرت میں ربِ رحمان سے اس کی بے پناہ وسیع مغفرت و بخشش کی التجا کریں اور اپنے گناہوں سے سچی توبہ کریں۔ یہ وہ عظیم ماہِ مبارک رمضان جو ہم پر سایہ فگن ہے۔ اِس ماہِ مبارک میںہمیں کوشش اِس امر کی کرنی ہے کہ ہم صاحب ِ تقویٰ بن جائیں اور ہمارے دلوں میںصرف اور صرف یہ تمنا ہو کہ یہ مہینہ ہمارے رب کا مہینہ ہے اور ہمارا رب ہم سے راضی ہو جائے۔ماہِ رمضان المبارک تزکیہِ نفس ، خود احتسابی اور غمگساری کا مہینہ ہے جس میں ہم اپنے اخلاق و کردار کی تعمیر اور قول و فعل کی تصحیح کر کے اپنی آخرت سنوار سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا، اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی ، افواج پاکستان کی سر بلندی ، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم وبر بریت سے نجات و آباد کاری کیلئے خصوصی دعا کی ۔