مریم نواز کسی کی مخالف نہیں، عوام کی خدمت پر توجہ دے رہی ہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہاہے کہ اڈیالہ جیل حکام کے مطابق پرویز الٰہی واش روم میں گرے اور زخمی ہوئے۔ بیرسٹر سیف کے بیان پراپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہاکہ بیرسٹر سیف مریم نواز پر الزام لگانے سے قبل اڈیالہ جیل حکام کی رپورٹ پڑھ لیتے۔آپ پرویز الٰہی کا علاج کرانے کی بجائے اپنے وزیراعلیٰ کا علاج کروائیں جو افسران کو اینٹیں مارنے کے مشورے دے رہے ہیں۔ پرویزالہی کے بیٹے کو باپ کی فکر نہیں،بیر سٹر سیف بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ والا رول ادا کر رہے ہیں۔ تانگہ پارٹی نے ہر اپنے جرم کا الزام مریم نواز پر لگانا وطیرہ بنا لیا ہے۔ مریم نواز کو عوام کی خدمت سے فرصت نہیں کہ وہ تانگہ پارٹی کے ہر کارندے پر نظر رکھیں۔مریم نواز اپنے صوبے کی عوام کی خدمت کے علاوہ اور کسی مخالف پر توجہ نہیں دے رہی۔