لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بوندا باندی‘ کہیں تیز بارش
لاہور+ فیصل آباد (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ سحری کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘ کامونکی‘ اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا اور حافظ آباد میں بھی بادل برسے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ دریں اثناء فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب وقفے وقفے سے سب سے زیادہ بارش غلام محمد آباد کے علاقوں میں 17 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح گلستان کالونی میں 10 ملی میٹر، علامہ اقبال کالونی اور ڈوگر بستی میں 8/8 ملی میٹر جبکہ مدینہ ٹائون میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر آپریشنز سٹاف نکاسی آب کے لئے سرگرم رہے اور مین روڈز کو ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے بارشی پانی سے کلیئر کر دیا گیا۔