ڈور پھرنے سے میانوالی، سمندری اور کراچی میں بچے، موٹر سائیکل سوار سمیت 3 زخمی
لاہور؍فیصل آباد (نامہ نگاران) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف مہم جاری ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے سینکڑوں مقدمات درج کر لیے گئے۔ کراچی ملیر کے علاقہ مسعود آباد میں ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں پتنگ بازی میں ملوث 512 ملزم گرفتار، 535 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزموں کے قبضے سے 59877 پتنگیں، 700ڈوریں و چرخیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق ایک ماہ سے جاری کریک ڈائون میں 2855 مقدمات درج، 2991 افراد گرفتار کئے گئے، قبضے سے 105076پتنگیں، 2791 چرخیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں، دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ میانوالی میں بچہ اور سمندری میں ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی ہو گیا۔ فیصل آباد، ڈسکہ، گجرات میں کریک ڈاؤن کے دوران متعدد دکاندار اور پتنگ باز پکڑے، مقدمات درج کر لئے گئے۔ ڈجکوٹ سمندری روڈ فیصل آباد میں ڈور سے جاں بحق آصف کے معاملہ پر مشتبہ ملزم عابد کو گرفتار کر لیا گیا۔