ڈی آئی خان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، سابق سرکاری افسر شہید
ڈی آئی خان (نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں چار ملزمان ہلاک ہوگئے تاہم زد میں آکر سابق ڈائریکٹر زراعت احسان اللہ گنڈا پور بھی جاں بحق ہوگئے۔ ڈیرہ اور ٹانک کے سنگم پر کلاچی کے ایریا کوٹ کندیان میں دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں سیکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی اور پولیس مشترکہ طور پر شامل تھے۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے آپریشن کرنے والی ٹیم پر بے تحاشا فائرنگ کی تاہم جوابی فائرنگ سے چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے، فائرنگ کی زد میں آکر سابق ڈائریکٹر زراعت احسان اللہ گنڈا پور بھی جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت جاری ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ باردوی مواد اور دیگر سامان برامد ہوا ہے، دہشت گردوں میں ایک افغانی بھی شامل ہے۔