احد چیمہ کے بچوں کی فیس معانی کا معاملہ، پرنسپل ایچی سن کالج مستعفی، انکوائری سے بچنا چاہتے ہیں: گورنر
لاہور( نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن نے استعفا دے دیا۔ایچی سن کالج کے پرنسپل نے اسٹاف کوخط کے ذریعے اپنے استعفے سے آگاہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ گورنرہاؤس کے متعصبانہ اقدامات نے سکول کی گورننس اور نظم و نسق کو خراب کیا،کچھ لوگوں کو ترجیح دینے کے لیے اسکول کی پالیسی کو نقصان پہنچایا گیا۔خط میں مزید کہا گیا کہ اسکول میں سیاست اور اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں، یکم اپریل کے بعد مینجمنٹ اور داخلوں میں کوئی کردار ادا نہیں کریں گے۔گورنر پنجاب کے حکم نامے کے مطابق انہوں نے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ کے بچوں کی فیس معاف کی،کالج کے پرنسپل نے منظور شدہ چھٹی کے دورانیے کے بعد سکول جوائن نہ کرنے پر احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ بھی منسوخ کیا تھا،گورنر پنجاب نے پرنسپل کے وہ آرڈرز بھی مسترد کردیے تھے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ احد چیمہ ملازمت کی وجہ سے ایک سال سے اسلام آباد میں تعینات تھے، احد چیمہ کے بچے ایچی سن میں نہیں جا پارہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جو کلاسز ان بچوں نے نہیں لی تھیں ان کی فیس معاف کرانیکی درخواست دی تھی۔ایچی سن کالج کے پرنسپل کے استعفے کے معاملے پرگورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اگست 2024 میں پرنسپل کا استعفیٰ قابل عمل ہو جانا تھا۔ پرنسپل ایچی سن کالج 40 لاکھ روپے تنخواہ وصول کر رہے تھے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ 40 لاکھ روپے تنخواہ وصول کرنے کا آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ پرنسپل ایچی سن کالج ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں کرتے تھے۔ انکوائریوں سے بچنے کے لیے پرنسپل ایچی سن کالج نے یہ حربہ اپنایا ہے۔ علاوہ ازیں دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ احد چیمہ کے بچے 3 سال سے ایچی سن کالج میں نہیں پڑھ رہے، اس لیے ان کی اہلیہ نے رولز کے مطابق فیس معافی کی درخواست دی جسے گورنر پنجاب نے قانون کے مطابق منظورکیا، بچے سکول نہیں پڑھ رہے تھے تو فیس کس بات کی ، احد چیمہ جے بچے اسلام آباد شفٹ ہو چکے ہیں ، رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیں توپتاچلے کہ معاملے کو غلط رنگ دیا جارہاہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پرنسپل ایچی سن کالج سے رابطہ کیا اور ان کا استعفیٰ واپس لینے اور معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عطاتارڑ نے کہا کہ پرنسپل ایچی سن کالج مائیک تھامشن اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے درمیان معاملہ خوش اسلوبی سے نمٹائیں گے، پرنسپل کو استعفی واپس لینے اور معاملہ خوش سلوبی سے حل کر نے پر آمادہ کر لیا، پرنسپل نے استعفی واپس لینے پر رضامندی بھی ظاہر کر دی ہے ۔