• news

برطانوی ہم منصب کا فون، سٹرٹیجک  پارٹنر شپ معاہدہ ہونا چاہئے: اسحاق ڈار

لندن؍ اسلام آباد (عارف چودھری+ خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو برطانیہ کے  خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر لارڈ ڈیوڈ کیمرون نے پیر کو ٹیلی فون کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارکباد کے پیغام پر برطانوی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلقات کو اگلی سطح تک لے جانے کے لیے بہتر سٹریٹجک پارٹنرشپ (ای ایس پر) معاہدہ جلد کیا جانا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے تجارت اور سرمایہ کاری، عوام سے عوام کے رابطوں اور ماحولیات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، پی آئی اے پروازیں بحال کرنے  کی ضرورت پر زور دیا۔  دونوں وزراء نے افغانستان اور غزہ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے لارڈ کیمرون کو باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔ وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے جاپان اور  فلسطین کے سفیر  نے پیر کو یہاں ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے فلسطین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی پر زور دیا۔ جاپانی سفیر نے ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت، معیشت اور برآمدات کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان جاپان طویل اور مضبوط دوستی کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن