بھارت غاصب‘ کشمیریوں کا قاتل‘ قوم کو اس کے ساتھ تجارت قبول نہیں : سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت غاصب اورکشمیریوں کا قاتل ہے۔ قوم کو اس کے ساتھ تجارت قبول نہیں، مسئلہ کشمیر کے کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل تک ہندوستان سے تجارت سمیت کسی قسم کے تعلقات کے حق میں نہیں، وزیرخارجہ کے بھارت سے تجارت کرنے کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ دھاندلی کے نتیجہ میں بننے والی حکومت استعماری طاقتوں کے احکامات اور آئی ایم ایف کی شرائط پر آنکھیں بند کر کے عملدرآمد کی بجائے ملک کی نظریاتی اساس اور قوم کی امنگوں کا خیال کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا نواز مودی حکومت نے تمام بین الاقوامی اور دوطرفہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ سال قبل کشمیر کی ریاستی حیثیت کا خاتمہ کر دیا۔ حریت رہنماؤں کو قید اور دوران جیل تشدد اور موت کے منہ میں دھکیلنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ وادی میں ہندوؤں کی آبادکاری ہو رہی ہے تاکہ مقبوضہ ریاست میں مسلمانوں کو اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔ اسلامی دنیا کے حکمران اہل فلسطین کی نسل کشی پر خاموش تماشائی ہیں اور مسلسل امریکہ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ مسلمان حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی کریں اور اہل فلسطین کی عملی مدد کریں۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ امیر جماعت کی ملک میں عدم موجودگی کے دوران لیاقت بلوچ قائم مقام امیر جماعت ہونگے۔