• news

پاکستان  مشکل حالات سے گزر رہا، حکومت معاشی اصلاحات کے لیے  اہم اقدامات کرے گی،جام کمال

کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزررہا ہے، حکومت معاشی اصلاحات کے لیے تمام اہم اقدامات کرے گی، مہنگائی کو کنٹرول کرنے سے متعلق میکنزم بنائیں گے، سفید پوش طبقے کی سہولت کیلئے وفاقی حکومت لائحہ عمل تیار کرے گی، آئی ایم ایف قرضہ دیتا ہے امداد نہیں جسے واپس بھی کرنا ہوتا ہے،ملک کی معیشت کے حوالے سے چیزوں کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں، حکومت کی پہلی ترجیح توانائی کے بحران کا حل نکالنا ہے،دوسری ترجیح صنعت کاری کو بڑھانااور غیرملکی سرمایہ کاری کوفروغ دینا ہے،ہماری کوشش ہوگی کہ پیپلز پارٹی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کے لیے قائل کریں، بلوچستان میں پڑوسی ممالک کی جانب سے مداخلت شامل ہے، کراچی اور لاہور میں ہوسکتا ہے کہ حادثات زیادہ ہوتے ہونگے لیکن کوئٹہ میں حادثات کی خبریں زیادہ چلتی ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں جہاں فقدان ہیں ان کو حل کیا جانا چاہیئے،یوٹیلیٹی اسٹورز سے عوام کو فائدہ مل رہا ہے، ان کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوبابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزار پرحاضری اور یوٹیلیٹی اسٹورکے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت نے کہاکہ عہدے کو سنبھالنے کے بعد مزار قائد پر حاضری ضروری تھی، یہاں آکر ہمیں پاکستان کیلئے قربانیوں کا احساس ہوتا ہے، یہ ملک پاکستان ہم سب کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے دن سے وزیر اعظم بڑے جذبے کے ساتھ اور محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، وفاقی وزراء اور صوبائی حکومتیں نے نئی ذمہ داریوں کو سنبھال لیا ہے، پاکستان کو بہت چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہمیں اللہ سے بہتری کی امید ہے، یہ سب ہماری محنت پر مبنی ہے۔پیپلز پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں جیسے ایم کیو ایم، نیشنل پارٹی وغیرہ ان سب نے مل کے حکومت کی تشکیل میں حصہ ڈالا ہے، وہ الگ بات ہے کہ ہم اس حکومت کا حصہ ہیں یا نہیں لیکن اسے بنانے میں سب کا ہاتھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن