• news

50 ہزار سولر سسٹم دینے کا اعلان، ایم پی اے، ایم این اے ہو یا چیف منسٹر قانون سے بڑا نہیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نے گندم خریداری اور دیگر امور پر پالیسی سازی کے لئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔ صوبائی وزیر خوراک کمیٹی کے سربراہ، وزیر خزانہ، زراعت اور اطلاعات ممبر ہوں گے۔ گندم سے متعلق امور پر ارکان اسمبلی سے مشاورت کر نے پر اتفاق کیا گیا۔ کابینہ اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ اجناس کی ضرورت کا تعین کرکے کاشت کا فیصلہ کرنا ضروری ہے۔ فصل کی ضرورت کا پیشگی تعین کرنے کے لئے اے آئی اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پتنگ کی دھاتی تار سے بچاؤ کے لئے بائیک پر سیفٹی گارڈ لگانے کی باقاعدہ مہم شروع کی جائے۔ سینٹی ورکروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔ اجلاس میں مسیحی ملازمین کیلئے ایسٹر پر چھٹی کی تجویز پر اتفاق بھی کیا گیا۔ کابینہ نے نقل روکنے کے لئے امتحانی مراکز میں کیمرے اور آرٹیفشل ٹیکنالوجی سے کام لینے کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں وزراء، ڈی سی اور دیگر حکام کو چیکنگ کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزراء  اور ارکان اسمبلی کو قانون کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کابینہ نے اے ایس پی سیدہ شہر بانو نقوی، ایس ڈی پی او گلبرگ، لاہور کو قائداعظم پولیس میڈل دینے کی سفارش وفاق کو بھیجنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اچھا کام کرنے والے پولیس افسروں کی حوصلہ افزائی ضروری امر ہے۔ اجلاس میں ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ روشن گھرانہ پروگرام۔۔۔ بل سے نجات روشنی کے ساتھ'' کے انقلابی پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں 50ہزار سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا سولر سسٹم لانے کی ہدایت کی۔ پہلے مرحلے میں 100 یونٹ والے 50ہزار پروٹیکٹڈ صارفین کو قرعہ اندازی سے سولر سسٹم دئیے جائیں گے۔  پہلے فیز میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے 50 ہزار پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر سسٹم فراہم دئیے جائیں گے۔ گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں پروگرام کیلئے 12.6 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ مریم نواز شریف نے ڈی ایچ کیو میانوالی کو نئی عمارت میں منتقل کرنے، محمد نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا اور کینسر ہسپتال لاہور کو مقررہ مدت میں تکمیل کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لیہ، بہاولنگر جنرل ہسپتال اور نشتر ہسپتال ٹو کے پراجیکٹ کو جلد پوری طرح فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کمپلیکس کی تکمیل میں تاخیر پر تحفظات کا اظہارِ کیا۔ وزیر اعلیٰ سے چیئرمین چائنہ سٹیٹ کنسٹریکشن انجینئرنگ کارپوریشن وانگ یاوڈونگ نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے  کہا کہ پاکستان اور چین نے قریبی اور مضبوط ترین دوستی کو برقرار رکھا ہے۔ وزیر اعلیٰ سے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے ملاقات کی۔ سی سی پی او بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایم پی اے کے سلوک پر ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت شرمندہ ہوں اس واقعہ پر۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے پورا واقعہ سنا۔ ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے کہا کہ روٹین کا گشت کررہے تھے، دو گاڑیاں گزر رہی تھیں ان کو روک کر چیک کیا۔ باغبانپورہ کے علاقے شادی پورہ میں گاڑی کے سیاہ شیشے دیکھ کر روک کر چیک کیا۔ ایم پی اے نے اتر کر کہا کہ میں اس علاقے کا ایم پی اے ہوں، آپ نے چیک کیوں کیا ہے۔ میں نے ایم پی اے کو بتایا کہ میری ڈیوٹی ہے، میں نے اپنی ڈیوٹی کی ہے، کوئی بری بات نہیں۔ ایم پی ا ے نے کہا کہ میرے علاقے میں مجھے روک کر چیک کرنے سے میری عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔ ایم پی اے نے مجھ سے سر عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ یاسر آئندہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے، آپ نے کسی سے نہیں ڈرنا۔ ذمہ داری پوری کرنے پر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی۔ آپ کا کام یہی ہے اور آپ نے اپنا کام اچھے طریقے سے کرنا ہے۔ ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو، یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ نے بالکل ٹھیک کیا اس بات پر دل چھوٹا نہ کریں۔ میں نے اپنے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس دیا ہے۔ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ٹرانسفر کے بارے میں سی سی پی او سے استفسار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ اس قسم کا کوئی واقعہ ہو تو مجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا۔ ایم پی اے کو شکایت تھی تو اسے میرے پاس آنا چاہیے تھا، انکوائری کے بعد ہم ایکشن لیتے۔ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں۔ ہم سب کو قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے تاکہ باقی لوگوں کے لئے مثال بنیں۔ مریم نوازشریف نے یاسر نصیب کو تلقین کی کہ ویری ویلڈن، اپنی ڈیوٹی اسی طرح کرنی ہے، کسی کو تنگ نہیں کرنا، بے انصافی نہیں کرنی۔ وزیر اعلیٰ نے شانگلہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ تربت میں نیول بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ فیصل آباد ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں  قائد محمد نواز شریف کے ساتھ آئی ہوں۔ پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے۔ فیصل آباد میں سو سپیڈو بسیں بھی لا رہے ہیں۔ فیصل آباد میں میٹرو بس سسٹم بھی لا رہے ہیں۔ کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔ دیہات سمیت تمام اضلاع میں پی پی موڈ پر ویسٹ مینجمنٹ کا نظام آئندہ 3 ماہ میں قائم کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن