نادرا سے 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق ‘ جے آئی ٹی رپورٹ مکمل
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے شہریوں کا ڈیٹا چوری ہونے کے بڑے سکینڈل کی تحقیقات میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق کردی۔ذرائع کے مطابق ڈیٹا لیک سکینڈل تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی نے کام مکمل کرلیا اور رپورٹ میں 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق کی۔ذرائع نے بتایا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرا دی ہے جس پر وزارت داخلہ میں غور جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے نادرا سے شہریوں کا ڈیٹا 2019 سے 2023 کے دوران چوری کیا گیا اور ڈیٹا لیک سکینڈل میں ملتان، پشاور اور کراچی کے نادرا دفاتر ملوث پائے گئے۔ذرائع کے مطابق نادرا کے متعدد اعلیٰ افسران کیخلاف کاروائی کی سفارش کردی گئی۔ذرائع نے بتایا نادرا کا ڈیٹا ملتان سے پشاور اور پھر دبئی گیا، نادرا ڈیٹا کے ارجنٹائن اور رومانیہ میں فروخت ہونے کے شواہد بھی ملے۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے کے وقارالدین سید نے کی اور جے آئی ٹی میں حساس اداروں سمیت نادرا کے نامزد افسر شامل تھے۔