مصدق ملک سے امارات‘ ترکمانستان کے سفیروں کی ملاقات: پٹرولیم میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے ملاقات کی۔ یو اے ای کے سفیر نے عہدہ سنبھالنے پر مصدق ملک کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، ملاقات میں پٹرولیم سیکٹر میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اماراتی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی بنیاد دوستی اور عوامی رابطے ہیں، وفاقی وزیر پٹرولیم سے ترکمانستان کے سفیر عطاء جان مولا موف نے بھی ملاقات کی۔ مصدق ملک نے کہا تاپی منصوبہ پاکستان کی توانائی ضروریات کیلئے بہت اہم ہے۔ منصوبے کی جلد تکمیل موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔ سفیر ترکمانستان عطاء جان نے کہا کہ آئندہ ماہ پیرس میں ترکمانستان انرجی فورم کا انعقاد ہو رہا ہے۔ عطاء جان نے مصدق ملک کو انرجی فورم میں شرکت کی دعوت دی۔