190 ملین پاؤنڈ کیس: گواہ نے مان لیا سرکاری نقصان ہوا نہ بانی پی ٹی آئی کو فائدہ‘ بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ میں ساتویں گواہ پر جرح جاری ہے، گواہ نے عدالت میں مان لیا کہ سرکار کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور نہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی فائدہ لیا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان کے لئے ہے، ہم اپنا مینڈیٹ لینے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، بائے الیکشن کے لئے پنجاب کی 12 اور کے پی کی 3 سیٹوں کے لیے مہم شروع کر رہے ہیں، پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے حوالے سے خصوصی مہم چلائی جائے گی ، کے پی میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے قیدی 804 کے نام سے بڑا جلسہ ہو گا‘ پنجاب میں زلفی بخاری کا نام فائنل ہوا، اگر کوئی اعتراض ہوا تو علامہ ناصر عباس ہوں گے، کے پی میں فیض الرحمن اور شفقت ایاز کا نام فائنل کیا گیا ہے، ٹیکنوکریت کی سیٹ پر اعظم سواتی کا نام فائنل ہے، نورالحق قادری بھی ایڈیشنل کے بطور پر ہیں۔ ڈونلڈ لو نے جو بیان دیا اس سے یہ کہا گیا کہ اس کے متعلق کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ اسد مجید اس حوالے سے اپنا موقف واضح کرے۔ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کے حوالے سے ذمہ داری طاقتور لوگوں پر عائد ہو گی، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ لاحق ہیں تب 3 نام لئے گئے، بشری بی بی کے بیان کو پارٹی پالیسی سمجھا جائے، بشری بی بی کو پہلے بھی جو کھانا دیا گیا اس سے ان کی طبعیت خراب ہوئی تھی، بشری بی بی کی صحت کے حوالے سے سنجیدہ معاملہ ہے، بشری بی بی کا توشہ خانہ، الیکشن کمیشن، کینٹ ڈویژن کی لسٹ میں کوئی نام نہیں، بشری بی بی کو ایک کمرے میں بند رکھا گیا، گھر کے سارے شیشے کالے کر دیئے گئے، رانا ثناء اللہ ایک خطرناک آدمی ہے، اس کی پارٹی نے کہا وہ 20 لوگوں کا قاتل ہے۔