میرے شہد میں کچھ ملا دیا گیا‘ زندگی موت اﷲ کے ہاتھ ہے: بشریٰ بی بی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بیان دیا۔ عمران خان ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی کسی کو نقصان پہنچایا نہ کسی کو مارنے کا کہا، بانی پی ٹی آئی کے خمیر میں بدلہ لینا نہیں، مسلمان کسی سے بدلہ نہیں لیتا۔ بشریٰ بی بی نے الزام عائد کیا کہ میں اڈیالہ جیل آئی تھی، میں جو شہد کھاتی ہوں اس میں کچھ ملا دیا گیا، میں نے وہ سارا شہد کھا لیا، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔