• news

پی آئی اے کی نجکاری: کابینہ نے 11 رکنی بورڈ کی منظوری دیدی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز  (پی آئی اے) ہولڈنگ کمپنی کے 11 رکنی بورڈ کی منظوری دے دی ہے۔ بورڈ کی منظوری سے پی آئی اے کی نجکاری کا دوسرا اہم ترین مرحلہ عبور کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے خصوصی اجازت حاصل کرکے کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔ ذرائع کے مطابق سابق گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کو بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ 11 رکنی بورڈ میں 7 خودمختار ڈائریکٹرز  اور 4 سرکاری افسر شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ پی آئی اے کے واجبات اور اثاثے بھی ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کیے جائیں گے۔ قومی ائیر لائن پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ادارے کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دے دی۔ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اعلامیے کے مطابق بورڈ  کا 83 واں اجلاس  ہوا جس  میں پی آئی اے کی تنظیم نو اور  نجکاری کے لیے سکیم آف ارینجمینٹ کی منظوری دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے ساتھ طریقہ کار طے کرے گا اور اس کے لیے پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ ایس ای سی پی کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے بورڈ نے دو کمپنیوں کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ادارے کو پی آئی اے سی اور پی آئی اے ہولڈنگ میں تقسیم کرنے کی بھی منظوری دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کے مستقبل سے متعلق تجاویز پر بھی غورکیا گیا اور جن ملازمین کی سروس 4 سال رہ گئی ہے انہیں ریٹائرکرنے کی بھی تجویز دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری سے قبل رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی تجویز پر بھی غورکیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن